اُڈپی:21؍دسمبر(ایس اؤ نیوز )ضلع اُڈپی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر گڈد نے بتایا کہ ضلع میں کووڈ کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے البتہ ریاستی حکومت کی طرف سےجاری کی گئی ہدایات کے مطابق حالات پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حالات کا سامنا کرنےکےلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ڈاکٹرنے بتایا کہ فی الحال جو بھی شخص سردی ، کھانسی اور بخار میں مبتلا پائے گئے ہیں ان کی جانچ کی جارہی ہے۔ روزانہ 8سے 10لوگوں کی جانچ کی جارہی ہے، لیکن ریاستی حکومت کی ہدایات کےمطابق اس میں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔
انہوں نے محکمہ کی تیاریوں کےمتعلق بتایا کہ کووڈ کے لئے ضروری دوائیوں کا ذخیرہ کرلیاگیا ہے، بیڈ اور آئی سی یو کو تیار رکھا گیا ہے، آکسیجن کے سلینڈر بھی جمع کرلئے گئےہیں۔ ضلعی اسپتال کے آرٹی پی سی آر لیباریٹری کو کووڈ کی جانچ کےلئے تیار کیاگیا ہے، جہاں لئے گئےسیمپلس کی جانچ ہورہی ہے۔ پچھلے تجربات کی بنیاد پر اس وقت ہم کووڈ -19کا سامنا کرنے کےلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی عوام سے بھی تعاون کی اپیل کرتےہوئےکہاکہ جنہیں بھی سردی ، کھانسی اور بخار ہے وہ فوری طورپر کووڈ کی جانچ کروالیں۔ اسی طرح 60سال سے زائد عمر والے زیادہ چوکنا رہیں اورماسک کا استعمال کریں۔
سبری مالابھگتوں کی نگرانی : کیرلا میں کووڈ کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کیرلا کے سبری مالا یاترا کے لئے جانےوالوں اور وہاں سے واپس آنے والے ضلعی مسافروں کی کڑی نگرانی کرنے افسران کو ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔ اپنے گاؤں یا شہر میں کوئی سبری مالا یاترا کےلئے جاتاہے یا لوٹ کر آتاہے تو محکمہ صحت عامہ کا عملہ، آشا کارکنان اور انگن واڑی کارکنان کو کہا گیا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی نگرانی کریں۔